نئی دہلی، 2 ؍اگست(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )راجیہ سبھا میں آج کانگریس لیڈر دگ وجے سنگھ نے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے آئندہ پاکستان دورہ پر سوال اٹھاتے ہوئے حکومت سے یہ واضح کرنے کامطالبہ کرتے ہوئے سوال کیاکہ کیا اس دورے میں وہ دہشت گردی کا مسئلہ اٹھائیں گے۔وقفہ صفر میں دگ وجے نے یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کے خاندان میں ہوئی ایک شادی میں حاضری لگائی تھی۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد ملک میں پٹھان کوٹ فضائیہ ایئر بیس پر دہشت گردانہ حملہ ہوا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے آج تک یہ واضح نہیں کیا ہے کہ پٹھان کوٹ میں 4پاکستانی دہشت گرد مارے گئے یا 6۔سنگھ نے کہا کہ وزیر داخلہ راج ناتھ 4 ؍اگست کو سارک اجلاس میں شرکت کرنے کے لیے پاکستان جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے لیے یہ واضح کرنا ضروری ہے کہ کیا راج ناتھ پاکستان کے سامنے پٹھان کوٹ سمیت دہشت گردانہ حملوں کا مسئلہ اٹھائیں گے۔اس پر ڈپٹی چیئرمین پی جے کورین نے کہا کہ سنگھ کو یہ مسئلہ اٹھانے سے پہلے مناسب نوٹس دینا چاہیے ، انہوں نے کہا کہ بغیر نوٹس کے یہ مسئلہ وقفہ صفر میں نہیں اٹھایا جا سکتا۔